Thursday, April 25, 2024

شہباز شریف کا مفرور بھائی آیا تو آتے ہی پکڑا جائے گا، چودھری پرویز الہٰی

شہباز شریف کا مفرور بھائی آیا تو آتے ہی پکڑا جائے گا، چودھری پرویز الہٰی
September 24, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کہتے ہیں کہ شہباز شریف کا مفرور بھائی آیا تو آتے ہی پکڑا جائے گا۔

ہفتہ کے روز وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ کی خواہش ہے پنجاب حکومت کو گرا دیں، پنجاب حکومت اللہ نے مجھے دی ہے تاکہ عوام کی خدمت کرسکیں۔ شریف برادران پنجاب کی حکومت کا کچھ بھی نہیں بگاڑ سکیں گے، یہ انتہائی جھوٹا خاندان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے باہر سے ملنے والی امداد کا ایک پیسہ بھی پنجاب کو نہیں دیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے میں ایک لاکھ ملازمتوں اور کئی ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا، پسرور روڈ کی تعمیر کے لئے مزید 50 کروڑ روپے جاری کر دئیے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ سیالکوٹ گجرات میں انجینرنگ یونیورسٹی بنا رہے ہیں، اس یونیورسٹی کے طلباء کو وہی ڈگری ملے گی جو آسٹریا میں ملتی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہمارا لیڈر عمران خان ہے، ان کی قیادت میں پاکستان کا نقشہ بدلے گا۔ آئندہ انتحابات میں صرف ایک ہی ٹکٹ چلے گا اور وہ ٹکٹ پی ٹی آئی کا ہوگا۔