لاہور (92 نیوز) - وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعظم شہباز شریف پر طنز کرتے ہوئے کہا شہباز شریف بڑے برکت والے ہیں جس سے ہاتھ ملاتے ہیں وہ چلا جاتا ہے۔
لاہور میں سیلاب متاثرین کو چیک تقسیم کرنے کے تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کچھ سیاسی باتیں بھی کر ڈالیں، کہا وزیراعظم شہباز شریف بڑے برکت والے ہیں جس سے ہاتھ ملاتے ہیں وہ چلا جاتا ہے،آئی جی پنجاب بھی چلے گئے۔
وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا فائدہ ایسا کام کرنے کا؟ صوبے کی مدد کرنی ہے نہ کوئی اچھا افسر دینا ہے۔
ایوان وزیر اعلی میں منعقدہ خصوصی تقریب میں چودھری پرویز الہی نے متاثرین میں چیکس تقسیم کیے۔ شرکا سے خطاب میں وزیر اعلی پنجاب نے کہا پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک کام جاری رکھے گی۔