Tuesday, April 23, 2024

شہباز گل پر بہیمانہ تشدد کیا گیا جس کی تحقیقات کرائی جائے گی، ہاشم ڈوگر

شہباز گل پر بہیمانہ تشدد کیا گیا جس کی تحقیقات کرائی جائے گی، ہاشم ڈوگر
August 21, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وزیرداخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر کا کہنا ہے شہباز گل پر اسلام آباد پولیس کی حراست میں بہیمانہ تشدد کیا گیا جس کی تحقیقات کرائی جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وہ پہلے نیوٹرل تھے اب عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سارے کاغذی شیر خودساختہ 27 کلومیٹر کی حکومت میں چلے گئے ہیں۔ ان سے کہتا ہوں واپس آئیں اور قانون کا سامنا کریں۔

انہوں نے کہا پنجاب حکومت نے 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنان کےخلاف قائم مقدمات خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فاشسٹ حکومت نے 25 مئی کو ہمارے کارکنوں کو خوفزدہ کرنے کے لیے جھوٹے مقدمات درج کیے۔ متعلقہ محکموں اور حکام سے جھوٹے مقدمات پر رپورٹ طلب کر لی ہے۔ 25 مئی کو پی ٹی آئی کارکنوں پر بنائے گئے تمام جھوٹے مقدمے خارج ہوں گے۔ جن افسران نے سیاسی لوگوں کے کہنے پر جھوٹے مقدمے درج کیے ان سے جواب طلبی جاری ہے۔ جھوٹے مقدمے درج کرانے پر فاشسٹ حکومت کے نمائندوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ فاشسٹ حکومت نے پہلے پنجاب میں اور اب اسلام آباد میں قانون کی دھجیاں اڑائی ہیں۔

وزیر داخلہ پنجاب بولے ن لیگ نے پنجاب اور اسلام آباد پولیس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔ اب گرفتاریوں کے خوف سے کاغذی شیروں کو چھپنے کی جگہ نہیں مل رہی۔ آپ کتنے دن بلوں میں چھپیں گے، قانون کے مطابق اپنے کیے کا جواب دینا ہو گا۔