Thursday, April 25, 2024

شہباز گل کا شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی سے رشوت لینے کا الزام

شہباز گل کا شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی سے رشوت لینے کا الزام
July 31, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - شہباز گل نے شاہد خاقان عباسی پر بھارتی کمپنی سے رشوت لینے کا الزام لگا دیا۔

شہباز گل نے کہا شاہد خاقان عباسی نے وزیر پٹرولیم ہوتے ہوئے سدھارتھ نامی انڈین کمپنی  سے 14 کروڑ کنسلٹنسی کے نام پر لئے۔ شاہد خاقان کو بھارتی کمپنی کے دبئی کے دفتر سے پیسہ آیا۔ اس انڈین کمپنی کے مالک کی مودی کیساتھ تصویریں موجود ہیں۔ شاہد خاقان نے رشوت لی ، شاہد خاقان بتائیں کیا جاسوسی اور غداری کے لئے انڈین کمپنی سے پیسہ لے رہا تھا۔

شہباز گل نے کہا ان کا بھی اسی بینک میں اکاؤنٹ ہے جس میں شاہد خاقان عباسی کا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو چیلنج ہے کہ دونوں کے اکاونٹس کی تفصیلات سامنے لائیں۔

رہنما تحریک انصاف نے نوازشریف اور اہل خانہ کو سزاؤں کا کریڈٹ  بھی لیا، کہا نواز شریف خاندان کی کل دولت چند لاکھ تھی ، بعد میں اربوں روپے ہو گئی۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ کرپشن کے خلاف بولتے رہیں۔ نوازشریف کو سزا ہماری وجہ سے ہوئی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر ہماری کوششوں سے ہی کیسز بنے، سلیمان شہباز ہماری وجہ سے ہی باہر فرار ہے۔

شہباز گل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا شاہد خاقان اور ان کی قیادت کا ایک ہی طرز عمل ہے۔ شریف خاندان    بھی  کبھی کیلبری فونٹ لے آیا  اور کبھی دادا کو قطر سے تحفہ ملنے کا کہا گیا۔ قطر نے اگر تحفے میں اپارٹمنٹس دئیے تو توشہ خانہ میں جمع کراتے۔ شاہد خاقان سے پوچھیں تو وہ بھی پرائز بانڈ نکلنے کا کہہ دیں گے یا انہیں رقم کی وصولی ہی یاد نہیں ہو گی۔