Thursday, April 25, 2024

شہباز گل کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج

شہباز گل کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج
August 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد/لاہور (92 نیوز) - شہباز گل کی گرفتاری اور مبینہ تشدد کیخلاف پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ اسلام آباد میں عمران خان کی زیر صدارت ریلی نکالی گئی۔

تحریک انصاف شہباز گل کیلئے سڑکون پر نکل آئی، ملک بھر میں عمران خان کی کال پر کارکنوں نے ریلیاں نکالیں۔

لاہور میں لبرٹی چوک سے داتا دربا رتک ریلی نکالی گئی، ریلی میں شوکت ترین، حماد اظہر، محمود الرشید، عندلیب عباس، ہمایوں اختر، مسرت جمشید چیمہ اور دیگر رہنما شریک ہوئے۔

فیصل آباد میں سمن آباد چوک سے گھنٹہ گھر تک ریلی نکالی گئی، ریلی میں شریک کارکنوں نے شہباز گل کی رہائی کیلئے نعرے لگائے۔ فرخ حبیب اور دیگر رہنماؤں نے ریلی کی قیادت کی۔

ملتان میں چونگی نمبر 9 پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے احتجاج کیا، خواتین نے حکومت اور شہباز گل کی گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کی۔

گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کارکن گوندلانوالا اڈا پر جمع ہوئے۔ سیالکوٹ میں اگوکی روڈ پر ریلی نکالی گئی۔

ساہیوال میں پی ٹی آئی کارکنوں کی احتجاجی ریلی جوگی چوک سے شروع ہو کر شہیدان ختم نبوت چوک پر اختتام پذیر ہوئی۔

جھنگ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے کچہری چوک میں احتجاج کیا۔

سرگودھا میں پی ٹی آئی کے کارکن پبلک سیکرٹریٹ پر جمع ہوئے اور پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں ڈی پی او چوک تک ریلی نکالی۔

کوئٹہ میں پریس کلب کے باہر پی ٹی آئی کے کارکن جمع ہوئے، پشاور میں پی ٹی آئی کے کارکن ہشت نگری چوک پر جمع ہوئے اور ریلی نکالی، سابق گورنر شاہ فرمان بھی مظاہرے میں شریک ہوئے۔

پی ٹی آئی آج لیاقت باغ راولپنڈی میں جلسہ کرے گی۔