Friday, April 19, 2024

اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کا کیس، شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
August 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – اسلام آباد کی عدالت نے شہباز گل کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیتے ہوئے تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔

پی ٹی آئی رہنماء شہبازگل کیخلاف اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام میں مقدمہ پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر نے محفوظ فیصلہ سُنا دیا۔ جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا مسترد کردی۔ جاری تحریری حکمنامے کے مطابق عدالت نے شہباز گل کو چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے اور شہباز گل کو 26 اگست کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کے روبرو پیش کیا، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات تھے۔

کچہری میں موجود پی ٹی آئی کی خواتین سمیت کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی جبکہ پولیس کے ساتھ دھکم پیل بھی ہوئی۔ اس دوران ڈاکٹر شہباز گل بھی دھکم پیل کی زد میں آگئے۔

پولیس نے عدالتی حکم پر شہباز گل کا طبی معائنہ بھی کرایا اور اس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی، شہباز گل کے وکلاء اور ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیر خان جدون نے دلائل دیئے۔

شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ اپنی افواج کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا کہ ایسی بات کروں، انہوں نے عدالت کو اپنی کمر پر تشدد کے نشانات بھی دکھائے۔

شہباز گل نے عدالت میں بیان دیا کہ انہیں پوری رات جگایا جاتا ہے اور تشدد بھی کیا جا رہا ہے، پوچھتے ہیں کہ کیا عمران خان نے ایسا بیان دینے کو کہا؟

شہباز گل نے کمرہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عترافی بیان کی تردید کردی۔

پولیس نے شہباز گل کو تاحال اڈیالہ جیل منتقل نہیں کیا بلکہ انہیں واپس بخشی خانے لے آئی۔