Saturday, May 11, 2024

شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور

شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور
August 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی مقامی عدالت نے شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی۔ شہبازگل کے ڈرائیورکی اہلیہ کی گرفتاری کو سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ سلمان بدر نے ڈاکٹر شہباز گل کے ڈرائیور اظہار کی اہلیہ کی ضمانت منظور کرلی، ضمانت 50 ہزار روپے مچلکوں کے عوض منظور کی گئی۔

شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی گرفتاری پر سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، سوشل میڈیا پر شہباز گل کے ڈرائیور کے بچوں کی جعلی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنے بیان میں شہباز گل کے ڈرائیور کی اہلیہ کی گرفتاری کی مذمت کی تھی جبکہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں گرفتار خاتون کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ گرفتار خاتون کو رہا کر دینا چاہیے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔

پولیس نے دو روز قبل شہباز گل کا موبائل برآمد کرنے کیلئے ان کے ڈرائیور کے گھر پر چھاپہ مارا، ڈرائیور اظہارفرار ہوگیا جس پر پولیس نے اس کی اہلیہ اور برادر نسبتی کو گرفتار کرلیا تھا۔