Saturday, April 27, 2024

شریف فیملی نے لندن فلیٹس کاروباری منافع سے خریدے: قطری شہزادہ

شریف فیملی نے لندن فلیٹس کاروباری منافع سے خریدے: قطری شہزادہ
November 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قطر کی آل ثانی اور پاکستان کی شریف فیملی کی کاروباری شراکت داری کی تفصیلات سپریم کورٹ میں آ گئیں۔ قطر کے شہزادے حماد بن جاسم نے عدالت کو تحریری بیان میں بتایا ہے کہ ان کے والد اور نوازشریف کے والد میاں شریف کے درمیان کاروباری تعلقات تھے۔ تفصیلات کے مطابق قطر کے شہزادے حماد بن جاسم بن جبر آ ل ثانی نے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ان کے خاندان اور شریف فیملی کے کاروباری تعلقات تھے۔ اس کاروبار کے منتظم ان کے بڑے بھائی تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 1980ءمیں نواز شریف کے والدمیاں محمد شریف نے قطر کی آل ثانی فیملی کے رئیل اسٹیٹ بزنس میں سرمایہ لگانے کی خواہش ظاہر کی۔ 12 ملین درہم میاں شریف نے ہمارے کاروبار میں انویسٹ کئے۔ میاں محمد شریف نے یہ 12 ملین درہم دبئی میں اپنے بزنس کو فروخت کر کے حاصل کئے۔ لندن کے چار فلیٹس دو آف شور کمپنیوں کے نام رجسٹرڈ تھے۔ آف شور کمپنیوں کے شیئر سرٹیفکیٹ قطر میں موجود تھے۔ لندن کے فلیٹس قطر کے رئیل اسٹیٹ بزنس کے منافع سے خریدے گئے۔ دونوں خاندانوں کے تعلقات کی بناءپر یہ فلیٹس شریف خاندان کے زیراستعمال تھے جس کا وہ کرایہ دیتے رہے۔ حماد بن جاسم کے بیان میں مزید کہا گیاہے میاںشریف نے اپنی زندگی میں ہی کاروبار حسین نواز کو دینے کی خواہش کی تھی۔ 2006ءمیںآل ثانی فیملی اور حسین نواز کے درمیان لندن پراپرٹی کے معاملات طے پائے۔