Friday, September 20, 2024

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا یوم ولادت، مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب
November 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - شاعر مشرق حکیم الامت مصور پاکستان ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا ایک سو پینتالیس واں یوم ولادت آج منایا جا رہا ہے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ چاق و چوبند دستے نے سلامتی دی۔ پاکستان نیوی کے دستے نے مزار اقبال پر گارڈز کی اعزازی ذمہ داری سنبھال لی۔ پاک بحریہ کے اسٹیشن کمانڈر لاہور کموڈور ساجد حسین تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے افسران ،جوانوں اور سویلینز نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائیں۔

علامہ اقبال نے اپنی ولولہ انگیز شاعری سے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ حریت پیدا کیا۔ بیسویں صدی کے معروف شاعر، مصنف، قانون دان، اور پاکستان کا خواب دیکھنے والے علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نہ صرف تحریک پاکستان کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک تھے بلکہ مسلم امہ کا درخشاں ستارہ تھے جو آج بھی بھٹکی ہوئی امت کو راستہ دکھا رہے ہیں۔ آپ نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں جذبہ خودی اور مسلمانوں کے لئے الگ ملک کی اہمیت کا شعور پیدا کیا۔ آپ نے اردو اور فارسی میں بیک وقت شاعری کی۔ ان کے مشہور مجموعہ کلام میں پیام مشرق، زبور عجم، بانگ درا، بال جبریل، ضرب کلیم شامل ہیں۔

شاعر مشرق مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال نہ صرف عالم اسلام کے ہیرو ہیں بلکہ وہ پوری انسانیت کے رہنما اور انسانی ضمیر کے شاعر ہیں۔ آپ کی پوری شاعری ، آپ کی تحریریں اور آپ کے خطبات انسانی وجدان کے ترجمان ہیں۔

اقبال کی شاعری، نثر نگاری، سیاسی بصیرت، ریاست کا فلسفہ، نوجوانوں میں بیداری کا تصور، اسلام کے بہترین شارح ان کی ایسی منفرد خصوصیات ہیں کہ جس کی مثال نہیں ملتی۔

بحیثیت سیاستدان آپ کا سب سے نمایاں کارنامہ نظریہ پاکستان کی تشکیل ہے۔ 1930 میں آلہ آباد میں مسلم لیگ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جو نظریہ آپ نے پیش کیا وہی نظریہ بعد میں پاکستان کی بنیاد بنا۔

اقبال کی شاعری میں پنہاں فکر و آگہی انہیں شاعر فردا ثابت کرتی ہے۔ اپنے وقت میں وہ مظلوم اقوام کی سب سے مضبوط آواز بن کر ابھرے۔

اقبال جذبہ عشق کو قوم کے نوجوانوں میں بیدار کرنا چاہتے تھے۔ انھوں نے اللہ کے حضور بڑی دل سوزی اور درد مندی کے ساتھ یہ دعائیں کی تھیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں آج عام تعطیل کا اعلان کیا ہوا ہے۔ یوم اقبال کی چھٹی بحال کر دی اور نوٹیفکیشن جاری ہو گیا۔