لاہور (92 نیوز) - شان شاہد کی ایکشن، تھرلر فلم ”ضرار“ کا باکس آفس پر شاندار بزنس، فلم بینوں کی پہلی چوائس بن گئی۔
ترکی اور برطانیہ میں فلمائی گئی فلم نے اندرون و بیرون ملک شاندار بزنس سے پہلا ویک کلوز کیا۔ ایکشن اور سسپنس سے بھرپور لالی وڈ فلم ”ضرار“ نے لاہور، کراچی اورا سلام آباد سمیت ملک بھر میں پہلے ہفتے کے دوران باکس آفس پر بہترین بزنس کیا ہے جبکہ انٹرنیشنل مارکیٹ دبئی، امریکا، برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں بھی ”ضرار“ کا بزنس انتہائی شاندار رہا ہے۔
جہان فلمز کے بینر تلے بنی ”ضرار“ ایک ایسے محب وطن سپاہی کی جدوجہد کی داستان ہے جو ملک دشمنوں کی کاروائیوں کو اپنے خفیہ آپریشنز کے ذریعے خاک میں ملاتا ہے۔
فلم میں شان نے سیکرٹ ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے، نامور ماڈل و فنکارہ کرن ملک صحافی کے کردار میں جلوہ گر ہوئی ہیں جبکہ فلم میں ولن کا کردار عدنان بٹ نے بہترین انداز میں ادا کیا ہے۔
ورسٹائل فنکار شان شاہد کی ڈائریکشن میں بنی ایکشن، سسپنس، تھرلر فلم کی عکسبندی پاکستان کے علاوہ ترکی اور برطانیہ کی خوبصورت لوکیشنز پر کی گئی ہے جبکہ سٹار کاسٹ میں ندیم بیگ، شفقت چیمہ، رشید نازاور نیئر اعجاز سمیت دیگر فنکار بھی شامل ہیں۔
فلمی حلقوں نے ”ضرار“ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”ضرار“ لالی وڈ کی روایتی فلموں سے الگ فلم ہے، جس کی باکس آفس کامیابی سے فلم میکرز کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے اور نئی فلموں کی پروڈکشن کا عمل تیز ہوجائے گا۔