Sunday, September 8, 2024

شاہنیوں نے آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا

شاہنیوں نے آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا
January 24, 2022 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) آئی سی سی ایوارڈ آف دی ایئر میں پاکستانی کھلاڑیوں کی حکمرانی قائم ہوگئی۔قومی فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی سال کے بہترین کرکٹر قرارپائے، قومی کپتان بابر اعظم نے ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا، محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی اور ویمن کیٹگری میں ثناء فاطمہ ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائیں۔

کرکٹ کی دنیا پر پاکستان کی بادشاہت قائم ہوگئی، آئی سی سی کے سالانہ ایوارڈز کا میلہ لوٹ لیا۔ ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے کے بہترین کرکٹرز کے بعد کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز بھی شاہینوں کے نام رہا، شاہین شاہ آفریدی سال کے سب سے بہترین کرکٹر قرار پائے۔

شاہین شاہ آفریدی کو سال 2021 میں شاندار کارکردگی پر سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی دی جائے گی۔ شاہین شاہ آفریدی نے سال 2021 میں مجموعی طور پر 36 میچز میں 78 وکٹیں حاصل کیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے جیت میں اہم کرادرا ادا کیا۔ شاہین شاہ آفریدی سر گیری فیلڈ سوبرز ٹرافی کے حق دار قرار پانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

قومی کپتان بابراعظم ون ڈے کے بہترین بلے باز کا ایوارڈ لے اڑے، بابر اعظم کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کا کپتان بھی مقرر کیا گیا تھا۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ 2021 میں ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، بھارت کے خلاف پرفارمنس یادگار تھی، بابر اعظم نے ایوارڈ جیتنے پر پی سی بی اور فینز کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمیں محمد رضوان نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا، ویمن کیٹگری میں پاکستان کی فاطمہ ثناء نے ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ قرار پائیں۔

انگلینڈ کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔