Saturday, May 18, 2024

شاہد خاقان عباسی نے پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی حمایت کردی

شاہد خاقان عباسی نے پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی حمایت کردی
September 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - حکومتی رہنما شاہد خاقان عباسی نے پٹرولیم ڈیلرز کا منافع بڑھانے کی حمایت کر دی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نے کہا کاروبار میں آسانی کیلئے حکومت کا اہم کردار ہے۔ کاروبار کیلئے مارجن کا تعین حکومت طے کرتی ہے۔ حکومت نے پیٹرولیم ڈیلرز کیلئے مارجن میں اضافہ کیا۔ مارجن میں اضافے کا مقصد بھی کاروبار کی وسعت اور ترقی ہے۔ ڈیلرز کو بھی کاروبار غلط کی بجائے صحیح سمت میں کرنے کی ضرورت ہے۔ پیٹرولیم ڈیلرز کو کاروبار میں مقدار سے ذخائر تک ڈیٹا رکھنا ہو گا۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا گزشتہ دس سالوں میں دو مرتبہ پیٹرول کا بحران پیدا ہوا۔ ملک میں 12 ہزار پیٹرول پمپس اور ایک جگہ پر کوالٹی باتھ روم نہیں۔ ڈی ریگولیشن کی بات بہت سے لوگ کر رہے ہیں۔ قیمتوں کے حوالے سے 12 نقاط پر اوگرا ورکنگ ہوتی ہے۔ حکومت کا اوگرا کے اس عمل دخل میں کوئی کردار نہیں ۔ اوگرا کا یہ کردار صرف اور صرف پی ایس او کیلئے قائم ہے۔

ان کا کہنا تھا پیٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس زیرو ہے۔ لیوی پچاس روپے بجٹ میں مقرر کی۔ مہینے کے اختتام پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے اور گالیاں پڑتی ہیں مفتاح اسماعیل کو۔ ڈی ریگولیشن کرنی پڑے گی۔ مارکیٹ کو قیمتوں کا تعین کرنا ہو گا۔ پوری دنیا میں ڈی ریگولیشن کا نظام ہے یہاں والا نظام کہیں نہیں ہے۔ آج روپے کی قدر بھی اوپر نیچے ہے تو قیمتوں پر اثر بھی پڑتا ہے۔ قیمتوں کا تعین کیسے ہوتا ہے اس طریقہ کار کو عام آدمی کو نہیں سمجھایا جا سکتا۔