Thursday, March 28, 2024

شہباز شریف نے حکومت کے خلاف ایم کیو ایم سے تعاون مانگ لیا

شہباز شریف نے حکومت کے خلاف ایم کیو ایم سے تعاون مانگ لیا
February 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے حکومت کے خلاف ایم کیو ایم سے تعاون مانگ لیا۔

ایم کیوایم کے رہنماؤں نے چودھری برادران کے بعد مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے ڈپٹی کنوینئر عامر خان اور سابق مئیر کراچی وسیم اختر نے شہباز شریف سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ احسن اقبال ، خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر لیگی رہنما بھی  ملاقات میں شریک ہوئے۔

متحدہ کے وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا ٹاک میں شہباز شریف نے کہا آج کا حلیف کل کا مخالف ہوتا ہے۔ یہ سیاست کا حصہ ہے۔ گزارش کی ہے کہ آپ پہلے پاکستانی اور پھر حکومت کے حلیف بن کر سوچیں ورنہ قوم آپ سے سوال کرے گی۔ انہوں نے کہا عمران نیازی کے ہاتھوں جو ملک کی تباہی ہو چکی ہے، خوف آتا ہے۔ اس سے کرپٹ، راشی اور عاقبت نااندیش حکومت نہیں۔

ایم کیوایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا مہنگائی ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔ اس کا کوئی نہ کوئی حل نکالنا ہو گا۔ جس طرح کی مشکلات ہمارے دوستوں کو وفاق سے ہے ہمیں سندھ میں پیپلز پارٹی سے ہے۔ جو بھی باتیں ہوئی ہیں ان کو قیادت کے سامنے رکھیں گے۔