Wednesday, May 1, 2024

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات طے پا گئی

شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات طے پا گئی
February 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات طے پا گئی۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات گیارہ فروری کو لاہور میں ہو گی۔ شہباز شریف پیپلزپارٹی کے رہنما آصف زرداری سے ہونے والی ملاقات سے فضل الرحمان کو آگاہ کریں گے۔

پی ڈی ایم نے ق لیگ اور جی ڈی اے سے بھی رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔ فضل الرحمان چودھری برادران سے بھی ملاقات کریں گے۔

قبل ازیں بھی شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی تھی۔ شہبازشریف نے خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی تھی۔ مولانا اسعد محمود سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی ملاقات میں موجود تھے۔ ملاقات میں پی ڈی ایم کی تحریک کے آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا تھا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا مولانا فضل الرحمان سے کافی عرصہ سے ملاقات نہیں ہوئی تھی۔ مولانا فضل الرحمان کو خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات میں جیت پر مبارکباد دی اور کہا آپ نے پہلے مرحلے میں پی ٹی آئی کو شکست فاش دی۔ پی ڈی ایم کو مشاورت کے ساتھ 25 جنوری کے قریب سربراہی اجلاس بلانے پر اتفاق ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد پر مولانا فضل سے بات ہوئی ہے۔ تحریک عدم اعتماد پر پی ڈی ایم اجلاس میں معاملہ زیر غور لائیں گے۔ انشاءاللہ اس آپشن پر غور کرکے اتفاق رائے سے چلیں گے۔