لاہور (92 نیوز) - وائس چیئرمین پی ٹی آئی تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج نہ ہونے پر آئی جی پنجاب پر سوال اٹھا دئیے۔
ہفتہ کو میڈیا سے گفتگو میں کہا آئی جی پنجاب کی کارکردگی سے لوگ مطمئن نہیں، پنجاب حکومت کو پوچھنا چاہئے کہ وہ اگر بے بس ہیں تو کس کے ہاتھوں بے بس ہیں؟
شاہ محمود بولے کہ ایف آئی آر کروانے جاتے ہیں تو عملہ لیت و لعل سے کام لیتا ہے۔ اڑتالیس گھنٹے بعد بھی ایف آئی آر رجسٹر نہ ہونا پریشان کن ہے۔ کہا کہ انصاف کے تقاضے کیسے پورے ہوں گے یہ ایک بڑا سوال ہے۔
عمران خان پر حملے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے، فواد چودھری
ادھر رہنما تحریک انصاف فواد چودھری کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملے کا مقصد پاکستان کو کمزور کرنا ہے۔ واقعے نے پورے پاکستان کو ہلادیا ہے، سانحہ کے اصل ملزمان کے خلاف قانون کا ہاتھ ضرور پہنچے گا، آج نہیں تو کل ان کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی، ایف آئی آر درج نہ کی گئی تو عدالت جائیں گے۔
فواد چودھری، حماد اظہر اور زلفی بخاری وزیرآباد میں شہید کارکن معظم گوندل کے گھر پہنچے اور فاتحہ خوانی کی۔ کہا کہ معظم نے اپنی جان دے کر لوگوں کی جانیں بچائیں، پارٹی کی جانب سے لواحقین کو پچاس لاکھ روپے دیئے جائیں گے، پنجاب حکومت بھی مالی مدد کرے گی۔