Thursday, April 18, 2024

شاہ محمود قریشی کی چودھری برادران کے گھر آمد، وزیراعظم کا پیغام پہنچایا

شاہ محمود قریشی کی چودھری برادران کے گھر آمد، وزیراعظم کا پیغام پہنچایا
March 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - حکومت کی اتحادیوں کو منانے کی ایک اور کوشش شروع ہو گئی۔ شاہ محمود قریشی کی چودھری برادران کے گھر آمد ہوئی جہاں انہوں نے وزیراعظم کا پیغام پہنچایا۔

 چودھری پرویز الٰہی نے حکومتی وفد کا استقبال کیا۔ صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں چودھری  پرویز الٰہی نے کہا سیاسی ڈرامے کا ڈراپ سین نہیں ہو گا، صرف کردار تبدیل ہوں گے۔ ہانڈی پک چکی، آدھی بٹ چکی اور آدھی بانٹی جارہی ہے۔ جلسوں سے تحریک عدم اعتماد پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جو باہر بیٹھے ہیں انکی بیماری کی ابھی تک دوائی نہیں آئی۔

 اس موقع پر چودھری پرویز الہٰی اور طارق بشیر چیمہ نے شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سے گلے شکوے بھی کیئے۔ طارق بشیر چیمہ بولے حکومت کے اتحادی ہیں لیکن ہر اہم موقع پر نظر انداز کیا گیا۔ سالک کا حلقہ ہو یا طارق بشیر چیمہ کا انتخابات میں مخالف امیدواروں کی حمایت کی گئی ۔ حکومت کے ساتھ ساڑھے تین سال رہے لیکن اتحادی مشاورت میں کہیں شامل نہ تھے۔ اتحادی ہونے کے باوجود اپنے اپ کو اپوزیشن میں سمجھتے تھے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان اور ہمارے دل میں اپ کی بڑی عزت ہے ۔ گلے شکوے ہوتے رہتے ہیں اتحاد کی ڈور کو مضبوط سے مضبوط ہونا چاہیے۔