Friday, April 19, 2024

شاہ محمود قریشی کا یوکرینی ہم منصب کو ٹیلی فون، پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا پر بات چیت

شاہ محمود قریشی کا یوکرینی ہم منصب کو ٹیلی فون، پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا پر بات چیت
February 27, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرینی ہم منصب کو ٹیلی فون کیا۔ پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا پر بات چیت کی۔

ٹیلیفونک گفتگو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرائن کے وزیر خارجہ کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اعادہ کیا اورکشیدگی میں کمی لانے کیلئے سفارت کاری کی ناگزیریت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ  ماسکو میں روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ تنازعات میں شدت کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔ ترقی پذیر ممالک ہمیشہ تنازعات کے باعث معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ 

مخدوم شاہ محمود قریشی نے یوکرین کے وزیر خارجہ کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص طلباء کے انخلاء اور ان کی بحفاظت پاکستان واپسی کا اہم معاملہ بھی اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا انخلاء کے عمل میں یوکرائنی حکام کے مثبت کردار کو سراہتے ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے موجودہ صورتحال کے حوالے سے رابطے میں رہنے پر اتفاق بھی کیا۔