Saturday, May 11, 2024

شاہ محمود قریشی کا پولنگ کے عملے پر جانبداری کا الزام

شاہ محمود قریشی کا پولنگ کے عملے پر جانبداری کا الزام
July 17, 2022 ویب ڈیسک

ملتان (92 نیوز) - وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے پولنگ کے عملے پر جانبداری کا الزام عائد کردیا۔

اتوار کے روز ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹ کو باہر اور ان کے ایجنٹ کو اندر بٹھایا گیا، ایک جگہ پر پولنگ عملہ نہیں تھا، ہم نے الیکشن کمیشن کو مطلع کیا۔

شاہ محمود بولے کہ ابھی تک مجھے پولیس کےانتظامات بہترین لگے ہیں، ملتان میں موسم بہتر ہے اور ووٹرز باہر نکل رہے ہیں۔ اپیل کرتے ہوئے کہا ووٹرز وہ پولنگ اسٹیشنز کا رخ کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے عمدہ مقابلہ کیا ہے، عمران خان نے 14 اضلاع میں بھرپور انتخابی مہم چلائی، پی ٹی آئی کا کارکن بڑا متحرک دکھائی دے رہا ہے۔ تحریک انصاف حکومت وقت کے مقابلے میں ڈٹی ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ووٹرز کے رجحان سے پی ٹی آئی مطمئن ہے، ہمیشہ کوشش کی ہے کہ دروغ گوئی سے کام نہ لیا جائے، اس وقت تک پولنگ پرامن طریقے سے چل رہا ہے۔ مزید کہا کہ مریم نواز کے جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کئے گئے،اس کی انکوائری ہونی چاہیئے۔

وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پنجاب میں سیاسی صورتحال میں تبدیلی آئی ہے، ن لیگ کے تین ووٹ کم ہو گئے، پنجاب اسمبلی میں ن لیگ اور تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 173 ، 173 ہے۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں تبدیلی سے مرکز بھی متاثر ہو گا۔