Saturday, May 18, 2024

شاہ چارلس کی تاجپوشی کی رسم میں دنیا بھر سے اہم شخصیات کی شرکت

شاہ چارلس کی تاجپوشی کی رسم میں دنیا بھر سے اہم شخصیات کی شرکت
May 6, 2023 ویب ڈیسک

لندن (92 نیوز) - شاہ چارلس کی تاجپوشی کی رسم میں دنیا بھرسے اہم شخصیات نے شرکت کی، شاہی خاندان کے افراد بھی بڑی تعداد میں تقریب میں شریک ہوئے، شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے سڑکوں پر کھڑے ہوکر نئے بادشاہ کا دیدار کیا اور خوب جشن منایا۔

برطانوی بادشاہ کی تاجپوشی نہ صرف برطانیہ، بلکہ دنیا بھر کیلئے اہم تقریب رہی، جس میں دولت مشترکہ ممالک کے سربراہوں، نمائندوں سمیت دنیا بھر کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب میں شرکت کیلئے امریکی خاتون اول جل بائیڈن پروٹوکول کے ساتھ پہنچیں، برطانوی وزیراعظم رشی سناک اپنی اہلیہ کےہمراہ شریک ہوئے، انہیں شاہی روایات کے مطابق ویسٹ منسٹرایبے میں جلوس کی شکل میں لایا گیا۔

شاہی خاندان کے افراد مختلف گروپس کی شکل میں وقتافوقتا تقریب میں شرکت کیلئے آتے رہے، شہزادہ ولیم اور دیگر شاہی افراد اپنی فیملیز کے ساتھ شریک ہوئے، تاہم شہزادہ ہیری اکیلئے تقریب میں شریک ہوئے، ان کی اہلیہ میگھن مرکل اور بچے بادشاہ سے اختلافات کے باعث تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔

سابق برطانوی وزرا اعظم بورس جانسن، ٹونی بلیئر، ڈیوڈ کیمرون، گورڈن براؤن کے علاوہ برطانوی حکام، ارکان پارلیمنٹ، لارڈز اور مئیرز بھی تاجپوشی کی تقریب کا حصہ بنے۔

عالمی مہمانوں کی فہرست میں کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈواوران کی اہلیہ، برونائی کے سلطان، جاپانی وزیراعظم، فرانسیسی صدرایمانیول میکرون، خلیجی ممالک، مشرق بعید سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی اس موقع پر بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

دولت مشترکہ ممالک کے سربراہ اور وفود اپنے اپنے ملکوں کے پرچموں کے ساتھ تقریب میں شرکت کیلئے پہنچے، جنہیں خصوصی پروٹوکول کےساتھ تقریب میں لایا گیا۔

لندن کی سڑکوں پر شہریوں نے خوب جشن منایا، شہری برطانوی پرچم لہرا کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے رہے، شاہ چارلس اور ملکہ کی بگھی کو دیکھ شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا، نعرے لگا کر خیرمقدم کرتے رہے۔

برطانوی تاریخ کی اہم ترین تقریب کے موقع پر لندن شہرکی سکیورٹی انتہائی سخت تھی، وسطی لندن کے چپے چپے پر پولیس اور سکیورٹی گارڈز تعینات کئے گئے تھے، اہم شاہراہوں پر پولیس کے دستوں کا مسلسل گشت جاری رہا۔