Friday, April 19, 2024

صحافی عمران ریاض کی گرفتاری، اسلام آباد ہائیکورٹ کی درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کی ہدایت

صحافی عمران ریاض کی گرفتاری، اسلام آباد ہائیکورٹ کی درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کی ہدایت
July 6, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد ہائیکورٹ میں سینئر صحافی عمران ریاض کی گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی عمران ریاض کی گرفتاری کیخلاف درخواست پرسماعت کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ رات رپورٹ آئی عمران ریاض کو پنجاب سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتاری اٹک سے ہوئی جو اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں۔ لاہور ہائیکورٹ اس معاملے کو دیکھ سکتی ہے۔

وکیل نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کا بتایا تو چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے اسلام آباد سے گرفتاری کی بات کی تھی۔ اسلام آباد پولیس نے گرفتاری نہیں کی، پنجاب پولیس نے کی۔ اگر لاہور ہائیکورٹ اسلام آباد سے گرفتاری سے متعلق کہے تو اس عدالت کے سامنے لے آئیے گا۔ چیف جسٹس نے درخواست لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کے ساتھ نمٹا دی۔