Wednesday, April 24, 2024

شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے کراچی کے شہریوں کا بُرا حال ہو گیا

شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے کراچی کے شہریوں کا بُرا حال ہو گیا
May 12, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - شدید گرمی میں بدترین لوڈشیڈنگ سے شہریوں کا بُرا حال ہو گیا۔ کراچی میں بجلی رات بھر تنگ کرتی رہی۔

گلستان جوہر، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، فیڈرل بی ایریا اور اورنگی میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی۔

ایک طرف  گرمی کی شدت میں روز بروز اضافہ تو دوسری طرف بجلی کے بھی نخرے جاری ہیں۔ سخت گرمی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کو بے حال کر دیا۔ متعدد بجلی گھروں کی بندش کے باعث توانائی کا بحران  آنے والے دنوں میں سنگین ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔

پاور ڈویژن کے مطابق  اس وقت ملک میں بجلی کا مجموعی شارٹ 4 ہزار 432 میگاواٹ ہے۔ بجلی کی پیداوار 21 ہزار 568 میگاواٹ جبکہ طلب 26 ہزار میگاواٹ ہے۔ بجلی کی مجموعی پیداواری صلاحیت 36 ہزار 39 میگاواٹ ہے تاہم   متعدد بڑے بجلی گھر  کو ایندھن کی   مطلوبہ فراہمی نہ ہونے سے بجلی کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے۔

پاور ڈویژن کے   مطابق نجی شعبے کے بجلی گھر سب سے زیادہ ساڑھے 12 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں جبکہ  سرکاری ترمل پاور پلانٹس کی پیداوار صرف 963 میگاواٹ ہے۔

بڑھتے ہوئے  شارٹ فال کے باعث بجلی کی غیر اعلانیہ بندش میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں  6 سے آٹھ گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 10 سے 12 بارہ گھنٹے  کی لوڈشیڈنگ  کی جارہی ہے۔