Friday, April 26, 2024

شدید گرمی کی لہر، لاہور، ملتان سمیت پنجاب میں درجہ حرارت 44 ڈگری کو چھونے کا امکان

شدید گرمی کی لہر، لاہور، ملتان سمیت پنجاب میں درجہ حرارت 44 ڈگری کو چھونے کا امکان
May 9, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - ملک میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے، صبح سے ہی سورج کا پارہ ہائی۔ لاہور، ملتان سمیت صوبے میں درجہ حرارت 44 ڈگری کو چھونے کا امکان ہے۔

سورج آگ برسا رہا ہے، ملک کے بیشتر علاقے ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، میدانی اور بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ میدانی علاقے شدید گرمی کے لپیٹ میں رہیں گے۔ پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں دن کے وقت درجہ حرارت 07 سے 09 ڈگری جبکہ سندھ اور بلوچستان میں 06 سے 08 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر اگلے دو ماہ تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث بارشوں کی کمی اور جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو موسم کی شدت میں اضافے کی وجہ قرار دیدیا۔

ملک کے بالائی علاقوں میں بھی درجہ حرارت میں اضافے سے گلیشئیرز تیزی سے پگلنے کے باعث دریاوں اور ندی نالوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے نے بالائی علاقوں کا سفر کرنے والے سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔