Thursday, April 25, 2024

شاد رہے پاکستان، قوم آج 82 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے

شاد رہے پاکستان، قوم آج 82 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے
March 23, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - شاد رہے پاکستان، تجدید عہد وفا کا دن، قوم آج 82 واں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منارہی ہے۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس، اکیس توپوں کی سلامی سے ہوا۔ لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں پاک فوج کی جانب سے تقاریب ہوئیں۔

صدر مملکت کی صدارت میں پریڈ کا آغاز کیا گیا، جہاں انہیں پنجاب رجمنٹ نے سلامی پیش کی، صدر مملکت نے خطاب میں کہا کہ ہمسائے کے شدت پسندانہ عزائم ہیں، دشمن کان کھول کر سن لے قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

تقریب میں وزیر اعظم عمران خان پہنچے تو لوگوں نے بھرپور استقبا ل کیا جبکہ فوج کے جوانوں نے انہیں سلامی بھی پیش کی۔ تقریب میں فضائیہ میں شامل ہونے والے جے ٹین سی اور میراج طیاروں نے بھی صدر پاکستان کو سلامی پیش دی۔

فضائیہ کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا، اور شرکاء کو سلامی دی۔

تقریب میں پاک بحریہ کے پی تھری سی، اورین اور اواکس طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔

وزیر دفاع پرویز خٹک، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے شرکت کی۔ تقریب میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے سپوتوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے ارکان، غیر ملکی سفرا نے بھی شرکت کی اور پاکستانی عسکری صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھا۔