Friday, April 26, 2024

شاہینوں نے کیویز کو پچھاڑ کر سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی

شاہینوں نے کیویز کو پچھاڑ کر سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز جیت لی
October 14, 2022 ویب ڈیسک

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) - پاکستان نے سہ فریقی ٹی ٹونٹی سیریز اپنے نام کر لی۔ گرین شرٹس نے فائنل میچ میں کیوی ٹیم کو 5 وکٹوں سے ہرا دیا۔

گرین شرٹس کے مڈل آرڈرز نے آخرکار کمال کر دکھایا۔ برق رفتار اننگز کھیل کر سیریز پاکستان کے نام کر دی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراونڈ میں کھیلے گئے سیریز کے فائنل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ نے مقررہ  اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 163 رنزبنائے۔ کیویز کپتان کین ولیم سن 59 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ نسیم شاہ ،  حارث رؤف نے  2,2  جبکہ شاداب خان اور محمد نواز نے 1,1 وکٹ حاصل کی۔

جواب میں پاکستان نے مڈل آرڈرز کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت  ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 3 گیندیں قبل حاصل کر لیا۔ محمد نواز نے 22 گیندوں پر 38 ، حیدر علی نے 15 گیندیں کھیل کر 31 جبکہ افتخار احمد نے 14 گیندوں پر  25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ   اننگز کھیلی۔

قومی ٹیم کی اوپننگ جوڑی محمد رضوان اور بابر اعظم  نے بالترتیب 34 اور 15 رنز بنائے ۔ کیویز کی جانب سے بریس ویل نے 2 جبکہ، سودھی، ٹکنر اور ساؤتھی نے 1,1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا ۔

سہ ملکی سیریز میں قومی ٹیم کی پرفارمنس شاندار رہی۔ پاکستان نے سیریز میں 5 میچ کھیلے جن میں قومی ٹیم کو 1 میں شکست جبکہ 4 میں فتح حاصل ہوئی ۔