Thursday, April 25, 2024

سہ فریقی سیریز، قومی کرکٹ ٹیم کا کرائسٹ چرچ میں پریکٹس سیشن، کل بنگلہ دیش سے مقابلہ

سہ فریقی سیریز، قومی کرکٹ ٹیم کا کرائسٹ چرچ میں پریکٹس سیشن، کل بنگلہ دیش سے مقابلہ
October 6, 2022 ویب ڈیسک

کرائسٹ چرچ (92 نیوز) - سہ فریقی سیریز کیلئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کرائسٹ چرچ میں پریکٹس سیشن ہوا، کل بنگلہ دیش سے مقابلہ ہوگا۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کرائسٹ چرچ میں پریکٹس سیشن ہوا، سخت سردی میں کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں۔ پی سی بی نے ٹویٹر پر کھلاڑیوں کے ڈنر کی تصاویر بھی شیئر کردیں۔

نیوزی لینڈ میں کھیلی جانے والی سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ کل بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا، کپتان بابر اعظم کہتے ہیں نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی، ورلڈ کپ کی تیاری میں بھرپورمعاونت ملے گی۔

یخ بستہ موسم میں گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ کی تیاریاں مکمل کر لیں، کپتان بابر اعظم کی قیادت میں قومی ٹیم کرائسٹ چرچ کے میدان میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا میچ کھیلے گی۔

میچ سے قبل قومی ٹیم نے بارش کے باعث کراسٹ چرچ کی لنکن یونیورسٹی میں انڈور پریکٹس کی۔ نیوزی لینڈ کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سیریز کا پہلا میچ بھی بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

کپتان بابر اعظم ورلڈ کپ سے قبل اس سیریز کو انتہائی اہم قرار دے دیا،کہتے ہیں کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز ملتی جلتی جبکہ موسم بھی ایک جیسا ہے ، جس سے ورلڈ کپ کی تیاری میں بہت مدد ملے گی۔

بابر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف مختلف کمبی نیشن آزمانے سے ٹیم کو اپنی خوبیوں اور خامیوں کا اندازہ ہوا، چنانچہ اس سیریز کے بعد ورلڈ کپ کے لئے کمبی نیشن بنانے میں بہت مدد ملے گی۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق جمعہ کی صبح 7 بجے شروع ہوگا، پاکستان کو بنگلہ دیش پر عددی برتری حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے 15 ٹی ٹونٹی میچز میں قومی ٹیم نے 13 میچز میں کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔