Saturday, April 27, 2024

کراچی : رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں‘ 32 افراد زیرحراست

کراچی : رینجرز اور پولیس کی کارروائیاں‘ 32 افراد زیرحراست
October 19, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں رات گئے رضویہ سوسائٹی میں رینجرز نے سرچ آپریشن کیا جبکہ ضلع وسطی کے علاقوں میں پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا جس میں چھتیس افراد کوحراست میں لے لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں حالیہ دہشت گردی کے واقعہ کے بعد رینجرز اور پولیس متحرک ہو گئی۔ کراچی رضویہ سوسائٹی میں رینجرز نے نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کرتے ہوئے سرچ آپریشن کیا۔ دوران آپریشن علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کر کے گھرگھر تلاشی لی گئی۔ دوسری جانب بریگیڈ پولیس نے کارروائی کے دوران 2 ملزموں کو گرفتار کیا۔ جن کی شناخت لیاقت علی اور محمد احسان کے نام سے ہوئی ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور 2 ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوئے۔ پیرآباد کے علاقے قصبہ کالونی اور کنواری کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 30 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ الفلاح پولیس کی کارروائی میں 2 ملزموں محمد ظہور اور عبدالمنیب گرفتار ہوئے جن کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ ملزموں کے قبضے سے ایک پستول اور 4 راونڈز بھی برآمد کئے گئے۔ ضلع وسطی میں بھی پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کے دوران 2 افراد کو حراست میں لیا گیا ۔ ملزموں کی شناخت انوار اور نواز کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھرکورنگی چمڑا چورنگی کے پاس فائرنگ سے 37 سالہ پولیس اہلکار مظہر علی بھٹی شدید زخمی ہوا۔ شاہ فیصل کے علاقے 2 نمبر میں ڈاکووں کی فائرنگ سے شہری زخمی ہوا۔ علاقہ مکینوں نے گھیرا ڈال کر ایک ڈاکو کو پکڑ لیا جبکہ ڈاکو کا ساتھی فرار ہوگیا۔ پکڑے گئے ڈاکو پر عوام نے اپناخوب غصہ اتارا۔