Thursday, April 25, 2024

صدر نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا

صدر نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا
March 3, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر عارف علوی نے 30 اپریل بروز اتوار کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کا اعلان کردیا۔

صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا، الیکشن کمیشن کی تجویز کے مطابق صدر مملکت نے پولنگ ڈے کے لیے اتوار کے دن کی منظوری دی ہے۔

الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات  کے انعقاد کے لیے 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔

چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لیے تیار ہیں۔

الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کا منتظر ہے۔

صدر مملکت کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد الیکشن کمیشن پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کے لیے جلد شیڈول جاری کریگا۔