اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں9 اپریل کو انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کہتے ہیں کہ آئین کے تحت آئین کے تحفظ اور دفاع کا حلف لیا، آئین اور قانون 90 دن سے زائد کی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے گورنرزالیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کی اپنی آئینی ذمہ داریاں ادا نہیں کر رہے، آئین کے تحت صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے لیے 9 اپریل کی تاریخ کا اعلان کررہا ہوں۔
صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن ایکٹ کے سیکشن 57 دو کے تحت الیکشن کا پروگرام جاری کرے، چونکہ کسی بھی عدالتی فورم کی جانب سے کوئی حکم امتناع نہیں، لہٰذا سیکشن 57 ایک کے تحت صدر اختیار کے استعمال میں کوئی رکاوٹ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئین کی خلاف ورزی سے بچنے کیلئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اپنا آئینی اور قانونی فرض ادا کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔