Saturday, September 21, 2024

صدر مملکت عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات، وزیرخزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی

صدر مملکت عارف علوی سے اسحاق ڈار کی ملاقات، وزیرخزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی
December 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت عارف علوی سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات ہوئی۔ وزیرخزانہ نے ملکی معاشی صورتحال پر بریفنگ دی۔

ایوان صدر اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات20 منٹ تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق دونوں اہم شخصیات کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پی ٹی آئی کے جلد انتخابات کے مطالبے اور حکومتی اتحادیوں کے نکتہ نظر پر گفتگو کی گئی۔ ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے قبل از وقت انتخابات سے متعلق عمران خان کا موقف سامنے رکھا۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیوں کا مستقبل بھی زیر بحث آیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی معاشی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے پیش نظر نئی حکمت عملی اختیار کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔  

وفاقی وزیر خزانہ نے اقتصادی صورتحال کی بہتری کیلئے سیاسی تعاون مانگا جس پر صدر مملکت نے مثبت رد عمل ظاہر کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کے استعمال کو کم، ٹرانسپورٹ سسٹم میں تبدیلیاں لانے کے بنیادی نکات بھی صدر مملکت کے سامنے رکھے۔

صنعتوں کو امپورٹ میں مشکلات کا حل نکالنے، اسٹیٹ بینک ، پرائیوٹ بینکوں اور ایف بی آر کے درمیان مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔