Friday, April 26, 2024

صدر مملکت اور وزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت

صدر مملکت اور وزیراعظم کی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت
August 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کی مذمت کی۔

صدر پاکستان عارف علوی نے اپنے ایک بیان میں پاک فوج کے قافلے پر خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک پوری قوم متحد ہو کر اس کا مقابلہ کرتی رہے گی اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہ ہو پائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی سے مقابلہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ان جوانوں کو مجھ سمیت پوری قوم خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کریںاور ان کے اہلِ خانہ کو صبر جمیل عطا کریں۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور وفاقی وزیر شیری رحمان نے بھی وزیرستان میں فوجی قافلے پر  خود کش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے لیے جان قربان کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے جدو جہد جاری رکھیں گے۔

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بھی خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے قوم کو ڈرا نہیں سکتے۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وطن کی حفاظت کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ سکیورٹی فورسز ایسے بزدلانہ حملوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گی۔