Thursday, April 25, 2024

صدر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل باجوہ کی ملاقات، قومی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال

صدر عارف علوی سے آرمی چیف جنرل باجوہ کی ملاقات، قومی سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال
February 15, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) صدر مملکت عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات ہوئی، وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی آرمی چیف نے شرکت کی۔

صدر مملکت عارف علوی سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ قومی سلامتی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے صدر مملکت کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاری دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی اور ملک سے متشدد عناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے بلوچستان، خیبر پختونخوا کے نو ضم شدہ اضلاع میں آپریشنز میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ مسلح افواج نے تمام مشکلات کے باوجود ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے شرکت کی۔

مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے نیشنل سکیورٹی پر بریفنگ دی جبکہ اجلاس میں ملکی سکیورٹی صورتحال، دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور افغان صورتحال پر بھی مشاورت ہوئی۔