Monday, May 6, 2024

صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کا نئے سال میں ملکی ترقی وخوشحالی کا عہد

صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کا نئے سال میں ملکی ترقی وخوشحالی کا عہد
January 1, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے نئے سال کے آغاز پر قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان کی ترقی، ترقی اور خوشحالی کے ساتھ ساتھ دنیا میں امن کے لیے دعا کی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے نئے سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالم اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت بنائے۔ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے ۔ پاکستان کو آج مختلف معاشی، سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ ہمیں ایک خوشحال، ترقی یافتہ اور مستحکم ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 2023 میں پاکستان کو معاشی و سیاسی استحکام اور سماجی بہتری کی منزل کی طرف لے کر جائیں گے 2022 پاکستان کے لئے تلخ و شیریں ثابت ہوا، نئے سال کو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی پائیدار بنیاد بنانے کے لئے استعمال کرنا ہوگا۔ عہد کرتے ہیں کہ عوام کی زندگیوں کی تلخیاں کم کرنے اور حالات بہتر بنانے کے لئے دن رات کام کریں گے۔

وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نیا سال قوم کے لئے خوشحالی لائے گا، ہم مشکل دور سے نکل آئے۔ پاکستان کے بہادر عوام بحرانوں کا سامنا کرکے ان سے نکلنے کی جرات سے بخوبی آگاہ ہیں۔ پیپلزپارٹی پہلے بھی ملک کو بحرانوں سے نکالتی رہی ہے، ہم ایک بار پھر اپنی تاریخ دہرائیں گے۔