Monday, May 6, 2024

صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں، تاریخ کو داغدار نہ کریں، حمزہ شہباز

صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں، تاریخ کو داغدار نہ کریں، حمزہ شہباز
April 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - نومنتخب وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کا کہنا ہے صدر اور گورنر ہوش کے ناخن لیں اور تاریخ کو داغدار نہ کریں۔

 منی لانڈرنگ کیسز میں حمزہ شہباز اور دیگر ملزمان عدالت پہنچے اور حاضری مکمل کرائی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے وکیل کی جانب سے انکی حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر اعظم کابینہ اجلاس کی صدارت کررہے ہیں لہذا عدالت ایک روزہ حاضری سے استثنیٰ منظور کرے۔

اسپیشل سینٹرل کورٹ لاہور نے ملزمان کی حاضری لگانے کا حکم دیا جس پر حمزہ شہباز کے وکیل نے کہا کہ حمزہ راستے میں ہیں، پانچ منٹ تک پہنچ جائیں گے، عدالت نے وکیل کو ہدایت دی کہ آپ درخواست ضمانت پر بحث کریں۔ وکیل نے کہا کہ ملزم  شعیب قمر درخواست دینا چاہتا ہے کہ اس کے کردار کا تعین نہیں ہو سکا۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شعیب قمر کو سمن کیا گیا؟ وکیل نے نہ میں جواب دیا۔

 عدالت نے استفسار کیا کہ تو پھر آپ کیوں درخواست دینا چاہتے ہیں؟ وکیل نے جواب دیا کہ استدعا ہے کہ عید کے بعد کا ہفتہ رکھ لیں،عدالت نے ریمارکس دیئے کہ  حاضری سے استثنی کی  درخواست ایسے کب تک چلے گی ؟وکیل نے جواب دیا کہ وزیراعظم کی مصروفیات ہیں، سماعت عید کے بعد تک ملتوی کی جائے۔ شہباز شریف خودپیش ہونگے۔