Friday, September 20, 2024

صدر آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر میرے ساتھ مشاورت کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

صدر آرمی چیف کی تعیناتی کی سمری پر میرے ساتھ مشاورت کریں گے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
November 23, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے صدر عارف علوی آرمی چیف کی تعیناتی سے پہلے مجھ سے مشورہ ضرور کریں گے۔

صحافیوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لندن میں بیٹھا مجرم کیسے آرمی چیف لگا سکتا ہے، پتا نہیں انتخابات میں لیول پلینگ فیلڈ ملے گی یا نہیں،چھبیس نومبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہوگا، راولپنڈی میں قیام کا فیصلہ بھی اسی روز ہوگا۔

اُنہوں نے کہا کہ الیکشن آٓج ہوں یا بعد میں، صاف شفاف ہونے چاہئیں، آٓرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہئے۔

عمران خان نے پھر واضح کردیا کہ ان کے کسی بھی ادارے سے کوئی اختلاف نہیں، کسی بھی ملک سے تعلقات ذاتی نہیں، ریاست کی بنیاد پر ہوتے ہیں، امریکا سے برابری کی بنیاد پر تعلقات چاہتے ہیں۔

اس سے پہلے عمران خان نے پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماؤں سےٹیلی فونک رابطے کیے اورلاہور سے راولپنڈی روانگی کے معاملات پر مشاورت کی۔ اس بات پر اتفاق ہوا کہ عمران خان ہیلی کاپٹرکے ذریعے راولپنڈی پہنچیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ کارکنان کو ساتھ لانے کی تلقین کی، ذرائع کے مطابق راولپنڈی ڈویژن سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزراقافلوں کی میزبانی کے ذمہ دار ہوں گے۔

عمران خان  نےپارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کو 25 نومبر تک راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی  ہے،جب کہ سنٹرل پنجاب سےقافلوں کو 26نومبر کو دوپہر ایک بجے سے پہلے راولپنڈی پہنچنے کا کہا گیا ہے۔