Thursday, April 18, 2024

شام : بمباری سے 81 افراد ہلاک‘ روس اور امریکہ کا مذاکرات بحالی کا اعلان

شام : بمباری سے 81 افراد ہلاک‘ روس اور امریکہ کا مذاکرات بحالی کا اعلان
October 13, 2016
دمشق (ویب ڈیسک) شام کے شہر حلب پر شام اور روس کے مشترکہ فضائی حملے میں اکیاسی شہری مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق روس اور شام کے طیاروں نے حلب شہر میں باغیوں کے زیرقبضہ علاقے پر حملہ کیا۔ حلب کے مشرقی سیکٹر میں روسی اور شامی طیاروں نے پچاس سے زائد میزائل فائر کئے گئے جس سے اکیاسی شہری مارے گئے اور ستاسی زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل گزشتہ روز فردوس کے علاقے میں واقع ایک مارکیٹ پر فضائی حملے میں بائیس افراد مارے گئے تھے۔ ان حملوں میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں اور کئی بڑے سٹورز صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں۔ امدادی اداروں کے مطابق شہر میں صرف گیارہ ایمبولینسز اور پینتیس ڈاکٹر ہیں جو یہاں کی پونے تین لاکھ آبادی کے لیے ناکافی ہیں۔ ادھر روس اور امریکہ نے شام کے مسئلے پر امن مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف ہفتہ کوسوئٹزرلینڈ میں اپنے امریکی ہم منصب جان کیری اور دیگر ملکوں کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس سلسلے کا پہلا اجلاس ہفتے کو سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزان اور دوسرا اجلاس اتوار کو لندن میں ہوگا۔ لوزان میں ہونے والے اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے علاوہ سعودی عرب، ترکی اور ایران کے علاوہ خلیجی ممالک کے وزرائے خارجہ بھی شرکت کریں گے۔ اتوار کو لندن اجلاس میں جان کیری برطانیہ، فرانس اور جرمنی سمیت دیگر یورپی ممالک کے وزرائے خارجہ کے ساتھ شام کے مسئلے پر بات چیت کریں گے۔ بات چیت دوبارہ شروع کرنے کا اعلان ایسے وقت کیا گیا ہے جب گزشتہ دودن میں حلب میں دوبارہ شروع ہونے والے فضائی حملوں میں کم ازکم اکیاسی افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ ستمبر کے آخری ہفتے کے دوران حلب کے محصور شہر پر روس اور شامی افواج کی بمباری سے عورتوں اور بچوں سمیت چار سو سے زائد شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ روس نے ترکی، سعودی عرب اور قطر پر شامی باغیوں کی حمایت کا الزام عائد کیا ہے۔