Sunday, September 8, 2024

سچ بولنے والے کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جاتا ہے، نور عالم خان

سچ بولنے والے کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جاتا ہے، نور عالم خان
January 19, 2022 ویب ڈیسک

پشاور (92 نیوز) پی ٹی آئی کے ایم این اے نور عالم خان کا کہنا ہے قیادت کو کہا آپ بلدیاتی انتخابات ہار جائیں گے۔ سچ بولنے والے کو سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جاتا ہے۔

پی ٹی آئی کے ایم این اے نور عالم خان نے پارٹی قیادت پر ایک بار پھر تنقید کر ڈالی۔ ان کے یکے بعد دیگر ٹویٹس آئے جس میں لکھا لوگ تحریک انصاف کے اہم افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے مطالبے پر پریشان کیوں ہیں؟ پارلیمنٹ کی پہلی 3 قطاروں میں بیٹھے لوگوں کی ہی وجہ سے مہنگائی اور عوام پر مصیبتیں آئی ہیں۔

نورعالم خان نے کہا کہ انہیں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے ہٹانے کا فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ معاملہ پارٹی ڈسپلن کا نہیں۔ جو لوگ اب مجھ پر تنقید کر رہے ہیں کہ میرا ماضی دیکھیں، میں تو پہلے ہی لوگوں کے مسائل پر بات کر رہا تھا۔

نور عالم خان نے تحریک انصاف کے امیر ارکان پر بھی سوال اٹھا دیا، لکھا میں تو خاندان کی 300 سال پرانی زمینیں بیچ کر گزارا کرتا ہوں، ریکارڈ بھی دے چکا۔ کوئی ان لوگوں سے پوچھے یہ ارب پتی کیسے بنے؟

ایک اور ٹویٹ میں نورعالم نے کہا کہ جو بھی پارلیمنٹ یا میڈیا پر سچ بولے اسے سوشل میڈیا پر نشانہ بنایا جاتا ہے لیکن عمران خان یاد رکھیں، ہم صرف پاکستان کی بہتری کی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

آخر میں نورعالم نے واضح کیا کہ انہیں حلقے کے لوگوں نے منتخب کیا ہے، جو ان کے ووٹر کہیں گے، وہ وہی کریں گے۔ کچھ بھی ہو جائے پارلیمینٹ میں اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔