Wednesday, May 8, 2024

سائفر معاملے پر عمران خان کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی

سائفر معاملے پر عمران خان کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی
September 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سائفر معاملے پر سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ آڈیو سامنے آ گئی۔

وزیر اعظم ہاؤس میں اعلیٰ حکام کیا کیا باتیں کرتے رہے۔ انتہائی حساس نوعیت کی بات چیت منظر عام پر آنے کا سلسلہ نہ رک سکا۔ اس بار مبینہ آڈیو لیکس میں موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کی بجائے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اعظم خان سے سائفر کے معاملے پر ہونے والی اہم گفتگو منظر عام پر آ گئی۔ مبینہ آڈیو میں عمران خان سائفر کے معاملے پر اعظم خان کو حکمت عملی بتا رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان معاملے پر عمران خان کو سائفر کا معاملہ اجاگر کرنے سے متعلق اپنی تجاویز پیش کرتے رہے۔ مبینہ آڈیو لیکس میں اعظم خان نے سائفر معاملے کو اٹھانے اور نیا رنگ دینے کیلئے میٹنگ بلانے پر بھی زور دیا۔

اعظم خان میٹنگ کے منسٹس اورا نہیں اپنے طریقے سے ڈاکومنٹ کرنے کا پلان بھی بتا رہے ہیں جبکہ عمران خان معاملے کو غیر ملکی سازش سے جوڑنے کا کہہ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر مبینہ آڈیو لیکس کرنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ عمران خان اور اعظم خان کے مابین ہونے والی گفتگو کا پہلا حصہ ہے۔ دوسرا حصہ بھی ریلیز کیا جائے گا۔