Saturday, July 27, 2024

سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع

سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع
August 30, 2023 ویب ڈیسک

اٹک (92 نیوز) - سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کردی گئی۔ 

جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے اٹک جیل میں کیس کی سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت کے سامنے پیش کر کے حاضری لگائی گئی، ایف آئی اے کے حکام اور وکلاء بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

جیل کے باہر سکیورٹی سخت جبکہ اٹک پولیس اورایلیٹ فورس کے دستے جیل کے اطراف تعینات رہے، سماعت مکمل ہونے کے بعد خصوصی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 13 ستمبر تک توسیع کردی۔

میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ عدالت نے جیل ٹرائل کے خلاف درخواست پر دو ستمبر کےلئے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست خصوصی عدالت میں دائر کر دی جبکہ عدالت اٹک جیل منتقل کرنے کا وزارت قانون کا نوٹیفکیشن اور جج کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت درج مقدمات کا اختیار سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے وکیل شیر افضل مروت کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں سیکرٹری قانون ، سیکرٹری داخلہ ، چیف کمشنر ، آئی جی ، ڈی جی ایف آئی اے ، سپرنٹینڈنٹ اڈیالہ جیل اور سپرٹنڈنٹ اٹک جیل کو فریق بنایا گیا ہے۔