Monday, September 16, 2024

سائفر کیس: خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیدیا

سائفر کیس: خصوصی عدالت نے شاہ محمود قریشی کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ دیدیا
August 30, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں ایف آئی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا چودہ روزہ جوڈیشل ریمانڈ دے دیا۔ وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کیس میں ضمانت کے لئے عدالت کا دروازہ کھٹکھا دیا، خصوصی عدالت نے دو ستمبر کےنوٹس جاری کر دیئے۔

کیس کی سماعت جج ابو الحسنات محمد ذوالقرنین نے کی، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو خصوصی عدالت میں ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ پیش کیا گیا۔

ایف ائی اے کے وکیل شاہ خاور، ذوالفقار نقوی اور شاہ محمود قریشی کے وکلا شعیب شاہین اور بابر اعوان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت ایف ائی اے کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی نے شاہ محمود قریشی کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کو چودہ روز کےلئے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

دوسری جانب شاہ محمود قریشی نے ضمانت بعد از گرفتاری کےلئے درخواست دائر کی، خصوصی عدالت نے سماعت کرتے ہوئے دو ستمبر کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے دلائل طلب کر لیے۔