Saturday, May 4, 2024

سعودی وزیر داخلہ کی صدر اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں، وطن واپس روانگی

سعودی وزیر داخلہ کی صدر اور وزیراعظم سے اہم ملاقاتیں، وطن واپس روانگی
February 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف اپنا دورہ پاکستان مکمل کرکے وطن واپس چلے گئے۔ سعودی وزیر نے صدر اور وزیر اعظم سے اہم ملاقاتیں کیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات میں صدر مملکت کا "روڈ ٹو مکہ" پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان "روڈ ٹو مکہ "منصوبے کی ملک کے دیگر شہروں تک توسیع کی منتظر ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بڑی پاکستانی کمیونٹی کی میزبانی پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر داخلہ کی ملاقات میں وزیراعظم نے اسلامی اتحاد کو فروغ دینے میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے پاکستان کو دی جانے والی حالیہ مالیاتی بجٹ امداد پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان مجرموں کی منتقلی کے معاہدے پر وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ اس فریم ورک کے ذریعے کے ایس اے میں پاکستانی قیدیوں کی ایک بڑی تعداد کو پاکستان واپس بھیجا جائے گا۔

شہزادہ عبدالعزیز نے وزیر اعظم کو ولی عہد شہزادہ کی جانب سے تہنیتی پیغام پیش کرتے ہوئے تمام معاملات پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیر داخلہ نے وفد کے ہمراہ وزیرداخلہ شیخ رشید احمد سے بھی ملاقات کی۔