ریاض (92 نیوز) - سعودی عرب میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلى الله عليه وسلم کی ہجرت کے واقعات پر مبنی پہلی منفرد نمائش کا آغازہو گیا ، جس کو دیکھنے کے لئے مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد پہنچی اور ہجرت مدینہ کے حوالے سے واقعات کی روشنی میں معلومات حاصل کی، نمائش تیس دسمبر تک جاری رہے گی۔
سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ عبدالعزیز سنٹر فار ورلڈ کلچر کے تعاون سے نیشنل میوزیم میں اپنی نوعیت کی پہلی نمائش۔۔ جس میں آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت کے اہم تاریخی واقعات کو مختلف ماڈلز اور تھری ڈی اسکرینز کی مدد سے اجاگر کیا گیا۔
ہجرت مدینہ وہ ہجرت تھی جس نے تاریخ کا دھارا بدل کر رکھ دیا اور اسلامی ریاست کی بنیاد رکھی اسی اہم واقعے کے بعد سےہجری تقویم کا آغاز ہوا۔ نمائش میں ان نمونوں کے بارے میں سب سے اہم دستیاب معلومات کا احاطہ کیا گیا ہے جو عمومی طور پر اسلامی تہذیب کی فراوانی اور خاص طور پر پیغمبر اسلامﷺ کے ورثے کے تنوع کی عکاسی کرتی ہے۔
نمائش میں ہجرت مدینہ کے قدیم راستوں کی نشاندہی سمیت نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نعلین مبارک کے پہلے عکس اور ماڈل کو بھی رکھا گیا ہے اسکے علاوہ عرب کی قدیم تہذیب کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ نمائش کا یہ سلسلہ تیس دسمبر تک جاری رہے گا۔