Thursday, March 28, 2024

سعودی عرب اور یو اے ای سمیت مشرق وسطیٰ میں نمازِعیدالفطر ادا کر دی گئی

سعودی عرب اور یو اے ای سمیت مشرق وسطیٰ میں نمازِعیدالفطر ادا کر دی گئی
May 2, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - سعودی عرب اور یو اے ای سمیت مشرق وسطیٰ میں نماز عید الفطر ادا کر دی گئی، لاکھوں مسلمانوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں عیدکے اجتماع میں شرکت کی۔

سعودی عرب میں نماز عید ادا کر دی گئی، لاکھوں مسلمانوں نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ عیدالفطر کی نماز ادا کی۔ اس موقع پر نمازیوں کیلئے خصوصی انتظامات کیے گئے، ہر رنگ و نسل کے مسلمان نے عظیم اجتماعات میں شرکت کر کے مسلم امہ کو اتحاد و یگانگت کا پیغام دیا۔

سعودی عرب کے شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان نے مسجد الحرام میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر شاہ سلمان اورولی عہد محمد بن سلمان نے امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد دی ہے۔

متحدہ عرب امارات میں بھی نماز عیدکے اجتماعات میں مسلمان مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، امیر قطر نے الوجبہہ کے میدان میں نماز عید ادا کی، اس موقع پر شاہی خاندان کے تمام افراد اور عام لوگوں کی بڑی تعداد میں موجود تھی۔

بحرین کی الفتاح مسجد میں عید کا مرکزی اجتماع ہوا، جہاں شاہی خاندان اور شہریوں نے اجتماع میں شرکت کی، کویت شدید گرو غبار کے طوفان کے باعث بیشتر علاقوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات نہ ہوئے، جس کے باعث بیشتر لوگوں نے مقامی مساجد کے اندر ہی نماز عید پڑھی۔

انڈونیشیا اور ملائیشیا سمیت مشرق بعید کے ممالک میں بھی عیدکے اجتماعات ہوئے، لاکھوں فرزندان اسلام نے نمازِعیدالفطر کے اجتماعات میں شرکت کی۔