Friday, April 19, 2024

سعودی عرب نے نئی ویزا فیسیں نافذ کر دیں

سعودی عرب نے نئی ویزا فیسیں نافذ کر دیں
October 3, 2016
ماناما (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے ملکی آمدنی میں اضافے کے لیے مالی اصلاحات کی ہیں۔ نئی اصلاحات کے تحت نئی ویزا فیس کا نفاذ کردیا گیا ہے جس کے تحت سنگل انٹری ویزا حاصل کرنے کے خواہش مند افراد بھاری فیس ادا کریں گے۔ خلیجی اخبار کے مطابق سعودی کابینہ نے نئی ویزا پالیس کا فیصلہ گزشتہ ماہ کیا تھا۔ نئی ویزا پالیسی کے مطابق سنگل انٹری ویزا حاصل کرنے والے افراد کو دو ہزار سعودی ریال فیس ادا کرنی پڑے گی۔ اس سے قبل سنگل انٹری ویزا کی فیس پانچ سو ریال تھی۔ پہلی بار حج یا عمرے کے عازمین اس فیس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ سعودی عرب میں مقیم غیرملکیوں کو ملک سے باہر جانے کے لیے دو سو ریال فیس دینی پڑی گی۔ یہ ویزہ دو ماہ کے لیے کارآمد ہوگا لیکن ہر اضافی ماہ کے لیے سو ریال مزید ادا کرنے ہوں گے۔ سعودی حکومت نے چھ ماہ کے ملٹی پل ویزا کی فیس پانچ سو ریال سے بڑھاکر تین ہزار ریال کردی ہے جبکہ ایک سال کے ویزا کی فیس پانچ ہزار ریال اور دو سال کے ملٹی پل ویزا کی فیس بڑھا کر آٹھ ہزار ریال کردی ہے۔ خلیجی اخبار کے مطابق دیگر عارضی ویزوں کی فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔