مظفرگڑھ (92 نیوز) - ساتویں تھل جیپ ریلی کے چار روزہ مقابلے ختم ہو گئے۔ پری پیئرڈ کیٹیگری کا مقابلہ میر نادر مگسی نے جیت لیا۔
نادر مگسی نے ٹریک دو گھنٹے دس منٹ میں مکمل کیا۔ آصف فضل چوہدری نے دوسری، جعفر مگسی نے تیسری پوزیشن لی۔ اسٹاک کیٹیگری میں زوہیب حسن، خواتین کیٹیگری میں رباب سلطان نے میدان مار لیا۔ پری پیئرڈ مقابلے میں ریسر شکیل بھرچنڈی کی گاڑی بے قابو ہو کر الٹ گئی۔
چار روز جاری رہنے والی ساتویں تھل جیپ ریلی میں کئی جیپ ریسرز حادثات کا شکار بھی ہوئے جبکہ پری پِیئرڈ کیٹیگری میں باہمت ریسر شکیل بھرچنڈی فنش لائن کے قریب گاڑی الٹنے کے باوجود دوبارہ گاڑی سیدھی کرکے ریس مکمل کر گئے۔
ساتویں تھل جیپ ریلی جیتنے والے ریسرز کے لیے فیصل اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب منعقد کی گئی جس میں فاتح جیپ ریسرز کو ٹرافیاں اور انعامات دئیے گئے۔ تقریب کے دوران میوزیکل پروگرام اور آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔