Sunday, April 28, 2024

سرتاج عزیز کا ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کا اعلان

سرتاج عزیز کا ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں شرکت کا اعلان
November 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ ایل او سی پر سات پاکستانی فوجیوں کی شہادت اور مسلسل ایل او سی و ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزیوں کے باوجود وہ تین دسمبر کو بھارت میں منعقد ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ڈونلڈ ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر حل کروا دیں گے تو نوبل پرائز کے حقدار ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں فاٹا اصلاحات کمیٹی سے متعلق تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ وہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سات پاکستانی فوجیوں کی شہادت اور مسلسل ایل او سی و ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزیوں کے باوجود تین دسمبر کو امرتسر بھارت میں منعقد ہونے والی ہارٹ آف ایشیا کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ بھارت نے سارک کانفرنس کو سبوتاژ کیا پاکستان کا ایسا کوئی ارادہ نہیں۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر حل کروا دیں گے تو نوبل پرائز کے حقدار ہوں گے۔ ترک حکومت کے کہنے پر ترک سکولوں کو کسی اور ادارے کے حوالے کیا جائے گا۔ پاک ترک اسکولوں کی انتظامیہ کی تبدیلی سے بچوں کی تعلیم پہ کوئی فرق نہیں پڑے گا صرف سکولوں کی پرانی انتظامیہ کو واپس بھیجا جائے گا۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر اشتعال انگیزی مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا مشترکہ اجلاس میں نہ آنے کا فیصلہ افسوسناک ہے۔