Friday, March 29, 2024

صارفین کیلئے بری خبر، بجلی مہنگی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواستیں دائر

صارفین کیلئے بری خبر، بجلی مہنگی کرنے کیلئے نیپرا میں درخواستیں دائر
March 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 99 پیسے جبکہ کے الیکٹرک نے 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافے کے لئے نیپرا میں درخواستیں دائر کردیں۔

بجلی کے صارفین کے لئے بری خبر ہے، سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے درخواست میں نیپرا سے استدعا کی ہے کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا جائے۔ نیپرا سی پی پی اے کی درخواست پر 31 مارچ کو سماعت کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ 7 ارب 77 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی اور پیداواری لاگت 71 ارب 48 کروڑ روپے رہی،21 روپے 45 پیسے فی یونٹ میں فرنس آئل سے بجلی پیدا کی گئی۔ ایل این جی سے بجلی کی پیداواری لاگت 14 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی۔

ایران سے 15 روپے 68 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی جبکہ کوئلے سے بجلی پیداواری لاگت 13 روپے 9 پیسے رہی۔ 30 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نذر ہوئی۔ منظوری کی صورت میں صارفین پر 40  ارب روپے کا بوجھ پڑے گا۔

دوسری جانب کے الیکٹرک نے بھی نیپرا کو ماہانہ فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں 3 روپے 45 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دیدی۔ کے الیکٹرک نے درخواست فروری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دائر کی۔ نیپرا یکم اپریل کو سماعت کریگا۔ منظوری کی صورت میں کراچی کے شہریوں پر 3 ارب روپے 95 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے خطاب میں بجلی آئندہ بجٹ تک نہ مہنگی کرنے کا اعلان کیا تھا۔