لاہور (92 نیوز) - سانحہ وزیر آباد پر پنجاب حکومت کی جے آئی ٹی نے کام شروع کر دیا۔ پنجاب حکومت نے جے آئی ٹی پر وفاق کا اعتراض مسترد کر دیا۔
جے آئی ٹی کے تمام ارکان کا تعلق پنجاب سے ہے۔ کسی اور ایجنسی اور خفیہ ادارے کا نمائندہ شامل نہیں۔ جے آئی ٹی پر دوسرا اعتراض یہ اٹھایا گیا کہ وفاقی حکومت نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو معطل کیا لیکن پنجاب حکومت نے انہیں جے آئی ٹی کا سربراہ بنا دیا۔ غلام محمود ڈوگر سے شفاف تحقیقات ممکن نہیں۔
وفاقی وزارت داخلہ نے محکمہ داخلہ پنجاب کو مراسلے میں تجویز دی کہ جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی اور آئی بی کے نمائندے شامل کئے جائیں۔
پنجاب حکومت نے جوائنٹ انویسٹی گیشن کی تشکیل پر وفاقی حکومت کے اعتراض کو مسترد کر دیا۔ مشیر داخلہ پنجاب عمر سرفراز چیمہ کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی آئین و قانون کے مطابق تشکیل دی گئی۔
ادھر جے آئی ٹی نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے جس کا پہلا اجلاس غلام محمود ڈوگر کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں وزیرآباد واقعہ کی تحقیقات کیلئے ابتدائی امور کا جائزہ لیا گیا۔