Thursday, April 25, 2024

سانحہ مری تحقیقات، برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑے ہونے کا انکشاف

سانحہ مری تحقیقات، برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑے ہونے کا انکشاف
January 14, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) سانحہ مری کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہوگئی، تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ برفانی طوفان کے وقت برف ہٹانے والی 20 گاڑیاں ایک ہی مقام پر کھڑی تھیں۔

سانحہ مری کی تحقیقات کرنے والی حکومتی کمیٹی نے مری پنجاب ہاؤس میں پڑاوڈال لیا، آپریشنل عملے اور برفانی طوفان کے دوران مدد کیلئے موصول ہونے والی کالز کے بارے میں ریسکیو 1122 کے اہلکاروں کے بیانات بھی قلمبند کرائے۔

ذرائع کے مطابق، جب کمیٹی نے برف ہٹانے والی گاڑیوں کے بارے میں پوچھا تو ہائی وے مکینیکل ڈیپارٹمنٹ کے حکام نے بتایا کہ 29 گاڑیوں میں سے 20 گاڑیاں سنی بینک میں کھڑی تھیں جبکہ انکشاف ہوا ہے کہ گاڑیوں کو چلانے کیلئے متعین ڈرائیوز، عملہ بھی ڈیوٹی پر موجود نہ تھا۔

ذرائع کے مطابق، دوران تحقیقات پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کا راولپنڈی ڈسٹرکٹ میں دفتر نہ موجود ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شدید برف باری کی وارننگ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے جاری کی گئی۔

ڈرائیوروں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور سڑکوں پر گرے ہوئے درختوں کو ہٹانے والے مزدوروں کے بارے میں سوال کیا گیا تو محکمہ جنگلات کے اہلکار تسلی بخش جواب دینے میں ناکام رہے جس پر کمیٹی نے عملے کی تفصیلات اور ان کی ذنمہ داریوں کی فہرست طلب کرلی۔

ضلعی انتظامیہ نے مری کے داخلی راستوں اور سڑکوں سے تقریباً 50 ہزار گاڑیاں واپس بھیجیں۔