Sunday, September 8, 2024

سانحہ مری سے متعلق درخواستوں کی سماعت، متعلقہ حکام عدالت میں پیش

سانحہ مری سے متعلق درخواستوں کی سماعت، متعلقہ حکام عدالت میں پیش
January 19, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) سانحہ مری سے متعلق درخواستوں کی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں سماعت ہوئی۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنر ،آرپی او سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے کمشنر راولپنڈی گلزار حسین سے استفسار کیا کہ آپ نے تحقیقاتی رپورٹ دیکھی ہے؟مسئلہ کب شروع ہوا؟ کمشنر راولپنڈی نے جواب دیا کہ سات اور آٹھ جنوری کی درمیانی شب برفانی طوفان آیا۔ مکینیکل ڈویژن، محکمہ سی این ای اور محکمہ شاہرات پنجاب نے پلاننگ میٹنگ نہیں کی۔ 29  مشینوں میں سے صرف 16 مشینیں آپریشنل تھیں۔ برف ہٹانے والی مشینوں کے دس آپریٹر موجود نہیں تھے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ مری میں لوگوں کو جہاں جگہ ملتی ہے عمارتیں کھڑی کر دیتے ہیں۔ ہر چیز کا ملبہ بیوروکریسی پر ڈال دیا جاتا ہے جبکہ انہیں کام بھی نہیں کرنے دیا جاتا۔

کمشنر راولپنڈی گلزار حسین نے اسسٹنٹ کمشنر مری عمر مقبول کی خدمات کو سراہا اور کہا  سانحہ مری پر انھیں سول ایوارڈ دیا جانا چاہئے۔   

عدالت نے متعلقہ اداروں سے رپورٹس طلب کر لیں ۔ عدالت نے مستقبل میں ایسے سانحہ  سے بچنے کیلئے انتظامیہ کو سہولیات کے مطابق ہوٹلوں کی درجہ بندی کرنے کی بھی ہدایت کی۔

کیس کی سماعت 26 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔