Friday, May 17, 2024

سانحہ مری، پنجاب حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین، زخمیوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان

سانحہ مری، پنجاب حکومت کا جاں بحق افراد کے لواحقین، زخمیوں کیلئے امدادی پیکیج کا اعلان
January 10, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) پنجاب حکومت نے سانحہ مری میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے کروڑوں روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا۔

پنجاب حکومت نے سانحہ مری، بارشوں و دیگر واقعات کے باعث عمارتیں گرنے سے جاں بحق ہونیوالے افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کہتے ہیں پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ مری میں پیش آنیوالے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ا یک کروڑ 76 لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی لیکن یہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں۔

عثمان بزدار کہتے ہیں غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں، سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن ہوگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا مری کے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی 7 روز میں رپورٹ پیش کرے گی، کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی ہو گی۔ مری میں آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔